بیلتھنگڈی 17؍جولائی (ایس او نیوز) پیری یوٹو نامی مقام پر اپنی مستقل بیماری سے تنگ آکر ایک بزرگ جوڑے کے ذریعے زندگی کے مصائب سے چھٹکارہ پانے کے لئے خودکشی کا راستہ اپنانے کی رپورٹ ملی ہے۔
اطلاع کے مطابق اپنے ہی گھر میں زہر کھاکر ہلاک ہونے والوں کی شناخت سنجیوا پجاری (۶۰سال) اور اس کی بیوی سیتا (۵۷سال) کے طور پر کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ زہر خورانی کے بعد سنجیوا فوری طور پر ہلاک ہوگیا تھا اور اس کی بیوی سیتا نے بہت ہی سنگین حالت میں اسپتال منتقلی کے وقت دم توڑ دیا۔سنجیوا قلی مزدوری کرکے گھر بار چلایا کرتا تھا مگر اسے دمہ اور امراض قلب نے گھیر رکھا تھا جس کی وجہ سے کمانا اورکھانا اس کے لئے مشکل ہوگیا تھا۔ جبکہ سیتا بھی مختلف امراض کا شکار ہوگئی تھی۔ سمجھا جاتا ہے کہ معاشی خستہ حالی نے ان دونوں کو اس طرح کا انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور کیاہوگا۔
اس بزرگ جوڑے کی تین اولادیں ہیں جن میں سے دو لڑکیاں شادی کے بعد اپنے سسرال میں رہتی ہیں۔ جبکہ ان کا بیٹا جناردھن پجاری اور اس کی بیوی موہنی والدین کے ساتھ ہی رہتے ہیں۔ موہنی کے بیان کے مطابق جب جناردھن گھر سے باہر تھا تو اس کے ساس اور سسر معمول کے مطابق اپنے کمرے میں تھے۔ کچھ دیر بعد کمرے کے اندر سے عجیب قسم کی آوازیں آنے لگیں تو اس نے دوڑ کر کمرہ کھولنے کی کوشش کی مگر وہ اندر سے بند تھا۔ پھر اس نے اوپری منزلے پر چڑھ کرکمرے کے اندر جھانکا تو ساس اور سسر دونوں درد سے تڑپتے نظر آئے۔ اس نے پاس پڑوس کے لوگوں کو اکٹھا کیا اور پھر کمرے کا دروازہ توڑنے پر زہر خورانی کا معاملہ سامنے آیا۔گھر والوں کا کہنا ہے کہ پچھلے کچھ عرصے سے دونوں میاں بیوی ساتھ میں ہی مرنے کی باتیں کیا کرتے تھے۔ مگر گھر والوں نے اسے ایک مذاق سمجھتے ہوئے سنجیدگی سے نہیں لیا تھا۔
اپن انگڈی پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر نندا کمار نے جائے واردات پر پہنچ کر معائنہ کیا اور معاملہ درج کرلیا گیا۔